بنوں :خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پاک فوج، پولیس اور سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے خلاف اب تک کا ایک بڑا اور کامیاب ترین مشترکہ آپریشن کیا ہے، جس کے نتیجے میں 2 انتہائی مطلوب خارجی سرغنوں سمیت 16 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ وطنِ عزیز کے امن کے تحفظ کے لیے لڑتے ہوئے پولیس کے 2 کانسٹیبلز نے بھی اپنی جانیں نچھاور کر دیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ہائی پروفائل انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بنوں کے علاقے میریان میں کیا گیا۔ فورسز کی مشترکہ اور بروقت کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کے مضبوط ٹھکانے ملیا میٹ کر دیے گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں بدنامِ زمانہ افغان خارجی سرغنہ عبداللہ سعید اور مقامی سطح پر خوف کی علامت بنا ہوا خارجی کمانڈر زمری نور شامل ہیں، جو خطے میں سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر حملوں کے ماسٹر مائنڈ تھے۔
دہشت گردوں کی جانب سے کٹھن پہاڑی چوٹیوں اور پناہ گاہوں سے شدید فائرنگ کی گئی، جسے فورسز نے بہترین حکمتِ عملی سے ناکام بناتے ہوئے تمام خوارج کو کیفرِ کردار تک پہنچایا۔ دہشت گردوں کا دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے کانسٹیبل وحید اللہ اور کانسٹیبل نور اللہ خان کی نمازِ جنازہ بنوں پولیس لائنز میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔
نمازِ جنازہ میں پاک فوج، سی ٹی ڈی اور پولیس کے اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کر کے شہداء کے جسدِ خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کے خاندانوں کو یقین دلایا کہ ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
سیکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ علاقے کو ہر قسم کے شرپسند عناصر سے پاک کرنے کے لیے سرچ آپریشن اب بھی جاری ہے، اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔