Wed, September 16, 2026

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، خارجی دہشت گرد جہنم واصل

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، خارجی دہشت گرد جہنم واصل

راولپنڈی: پاکستان-افغانستان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تمام 16 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 22 اور 23 مارچ کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے غلام خان کلی کے علاقے میں دہشت گردوں کی مشکوک سرگرمیوں کو بروقت مانیٹر کیا۔ جیسے ہی دہشت گردوں نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے ان کا حملہ ناکام بنا دیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں تمام دہشت گرد مارے گئے۔


آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلسل افغان عبوری حکومت سے یہ مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ اپنی سرحدی حدود کی مؤثر نگرانی یقینی بنائے اور پاکستان مخالف دہشت گرد گروپوں کو اپنی زمین استعمال نہ کرنے دے۔


فوج کے ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنے ملک کی سلامتی کے لیے کسی بھی قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ دشمن عناصر کو ان کے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔


وزیر اعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کسی بھی صورت اپنے دشمنوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گا۔ انہوں نے فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور یقین دلایا کہ پوری قوم ملک کی حفاظت کے لیے اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی پاکستانی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنی بہادر فورسز پر فخر ہے، اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
 

ٹیگز: