اسلام آباد: خلیج فارس میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ جنگی خطرات کے پیش نظر قومی ایئر لائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے قطر، بحرین، کویت اور متحدہ عرب امارات کے لیے اپنی تمام پروازیں وقتی طور پر معطل کر دی ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق فضائی آپریشن کی معطلی کا فیصلہ مسافروں کی حفاظت اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ "صورتحال معمول پر آنے کے بعد متاثرہ روٹس پر پروازیں بحال کر دی جائیں گی۔"
پی آئی اے کا کہنا ہے کہ متاثرہ مسافروں کو نئی فلائٹ شیڈول یا ریفنڈ سے متعلق مکمل معلومات فراہم کی جا رہی ہیں، اور مسافروں سے براہِ راست رابطے میں ہیں۔
ادھر خطے میں جاری تناؤ کے بعد متحدہ عرب امارات نے اپنی فضائی حدود ہر قسم کی تجارتی پروازوں کے لیے بند کر دی ہیں، جبکہ بحرین نے اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے ایئر اسپیس بند کر دی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر حالات مزید بگڑتے ہیں تو بین الاقوامی پروازوں کا نظام بری طرح متاثر ہو سکتا ہے، جس سے سفری مشکلات میں اضافہ ہوگا۔