کراچی: شہر قائد میں جاری شدید بارشوں کے باعث قومی ایئرلائن پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔ خراب موسم کے باعث مختلف پروازوں میں خلل پیدا ہوا، جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق، کراچی سے کوئٹہ اور اسلام آباد سے کراچی آنے والی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ لاہور سے کراچی آنے والی فلائٹ موسم میں بہتری کے انتظار میں تاخیر کا شکار ہے۔
مزید یہ کہ کراچی سے نجف جانے والی پرواز، جدہ جانے والی فلائٹ (PK-731) اور مدینہ منورہ جانے والی پرواز (PK-843) بھی وقت مقررہ پر روانہ نہ ہو سکیں۔
ترجمان نے کہا ہے کہ موسم کی خرابی کے باعث پروازوں کے شیڈول میں پیدا ہونے والی رکاوٹ پر ہم مسافروں سے معذرت خواہ ہیں۔ پی آئی اے انتظامیہ کی پوری کوشش ہے کہ معمول کی پروازیں جلد از جلد بحال کی جا سکیں۔