راولپنڈی :پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بیٹے سلیمان اور قاسم جلد پاکستان آنے والے ہیں۔ پارٹی رہنماؤں اور عمران خان کی بہن علیمہ خان نے جمعرات کو بتایا کہ دونوں بیٹوں کی والد سے ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جائے گی۔
وکلاء کے مطابق ملاقات کی تاریخ اور قیام کی تفصیلات فی الحال ظاہر نہیں کی جا سکتیں۔ علیمہ خان نے کہا کہ ملاقات ان کا آئینی حق ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اس میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ پارٹی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان ہی تحریک انصاف کے حقیقی قائد ہیں اور شاہ محمود قریشی کی قیادت کے حوالے سے افواہیں غلط ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قریشی کے خلاف کئی مقدمات زیر سماعت ہیں اور وہ ان میں گرفتار بھی ہیں۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکلاء نے کہا کہ ملاقات کی اجازت نہ دینا آئینی خلاف ورزی ہے اور عدالتی کارروائی کو خفیہ رکھا جا رہا ہے۔ علیمہ خان نے توشہ خانہ کیس کو ناجائز قرار دیتے ہوئے اپنے بھائی کے ساتھ مکمل حمایت کا اظہار کیا۔