دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز کے شیڈول میں تبدیلی کی ہے۔ اب یہ طے کیا گیا ہے کہ پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرے یا نہ کرے، اگر سری لنکا سیمی فائنل کے لیے جگہ بنا لیتا ہے تو پہلا سیمی فائنل کولمبو میں کھیلا جائے گا، چاہے اس کا مقابلہ بھارت سے ہو یا کسی اور ٹیم سے۔
آئی سی سی کی جانب سے سپر ایٹ مرحلے کے مکمل ہونے کے بعد تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھیجے گئے اعلامیے میں سیمی فائنلز کے انتظامات کی وضاحت کی گئی ہے۔ اعلامیے کے مطابق، پہلا سیمی فائنل کولمبو یا کولکتہ میں کھیلا جا سکتا ہے، اور یہ فیصلہ خاص شرائط کے تحت کیا جائے گا۔ اگر پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو وہ 4 مارچ کو کولمبو میں سیمی فائنل ون کھیلے گا۔
اگر پاکستان سیمی فائنل میں جگہ نہیں بنا پاتا، لیکن سری لنکا کوالیفائی کر جاتا ہے اور اس کا مقابلہ بھارت کے علاوہ کسی ٹیم سے ہوتا ہے تو پھر سری لنکا کا سیمی فائنل کولمبو میں ہوگا۔
آئی سی سی نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر نہ پاکستان اور نہ ہی سری لنکا سیمی فائنل میں پہنچتے ہیں تو سیمی فائنل ون کولکتہ اور سیمی فائنل ٹو ممبئی میں کھیلا جائے گا۔
اگر بھارت سیمی فائنل میں پہنچتا ہے تو وہ ممبئی میں کھیلے گا، سوائے اس صورت کے جب اس کا مقابلہ پاکستان سے ہو، ایسی صورت میں میچ کولمبو منتقل کر دیا جائے گا۔