کیلیفورنیا : مائیکروسافٹ نے اسکائپ استعمال کرنے والے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنا اہم ڈیٹا جلدی سے محفوظ کر لیں، کیونکہ جنوری 2026 کے بعد یہ ڈیٹا مستقل طور پر ضائع ہو سکتا ہے۔ کمپنی نے اسکائپ کو مکمل طور پر بند کر دیا تھا تاکہ وہ اپنی توجہ مائیکروسافٹ ٹیمز پر مرکوز کر سکے۔
اسکائپ ایک وقت میں بہت مقبول تھا، 2010 کی دہائی میں اس کے 30 کروڑ ماہانہ صارفین تھے، مگر اب واٹس ایپ، زوم اور مائیکروسافٹ ٹیمز جیسے پلیٹ فارمز کی وجہ سے اس کی مقبولیت کم ہو گئی ہے۔ اسکائپ کا آغاز 2003 میں ہوا تھا اور 2011 میں مائیکروسافٹ نے اسے خرید لیا۔
مائیکروسافٹ نے 5 مئی 2023 کو اسکائپ سروس کا خاتمہ کر دیا تھا، لیکن صارفین کو اپنے پیغامات، کانٹیکٹ نمبرز اور دیگر اہم معلومات محفوظ کرنے کے لیے کچھ وقت دیا تھا۔ کمپنی نے کہا ہے کہ صارفین کو جنوری 2026 تک کا وقت ہے کہ وہ اپنا ڈیٹا ایکسپورٹ کر لیں یا خود حذف کر دیں۔
اگر صارفین مائیکروسافٹ ٹیمز پر لاگ ان ہو جائیں گے، تو انہیں اسکائپ کی چیٹس اور کال ہسٹری تک رسائی ملتی رہے گی۔ لیکن اگر انہوں نے جنوری 2026 تک کوئی کارروائی نہ کی تو ان کا تمام ڈیٹا خودکار طور پر حذف ہو جائے گا اور اسے دوبارہ حاصل نہیں کیا جا سکے گا۔
نئے سال کی آمد کے پیش نظر، مائیکروسافٹ نے صارفین کو فوری طور پر اپنے اکاؤنٹس چیک کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ان کی اہم معلومات اور یادیں ضائع نہ ہوں۔