Wed, September 16, 2026

واٹس ایپ چینل ایڈمنز کے لیے نئی سہولت، پوسٹس اب پہلے سے شیڈول کی جاسکیں گی

واٹس ایپ چینل ایڈمنز کے لیے نئی سہولت، پوسٹس اب پہلے سے شیڈول کی جاسکیں گی

کیلیفورنیا : واٹس ایپ اپنے چینلز کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نئے فیچر کی تیاری میں مصروف ہے، جس کے ذریعے چینل ایڈمنز اپنی اپڈیٹس کو پہلے سے تیار کرکے مستقبل کے کسی مخصوص وقت پر خودکار طور پر شائع کرسکیں گے۔

ٹیکنالوجی سے متعلق رپورٹس کے مطابق یہ فیچر ابھی ڈیولپمنٹ کے مرحلے میں ہے اور فی الحال بیٹا صارفین کے لیے بھی دستیاب نہیں۔ اس نئے آپشن کی جھلک واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.26.33.5 میں دیکھی گئی ہے۔

مجوزہ نظام کے تحت ایڈمن کسی اپڈیٹ کو پوسٹ کرنے سے قبل اس کی تاریخ اور وقت مقرر کرسکے گا۔ وقت پورا ہونے پر اپڈیٹ خود بخود چینل پر شائع ہوجائے گی، یعنی پوسٹ کے وقت ایڈمن کا آن لائن ہونا ضروری نہیں ہوگا۔

اپڈیٹ کو شیڈول کرنے کے لیے ایڈمن کو سینڈ بٹن کو دبا کر رکھنا ہوگا۔ اس کے بعد ایک نیا آپشن سامنے آئے گا، جہاں سے مطلوبہ تاریخ اور وقت منتخب کیا جاسکے گا۔

شیڈول کی گئی پوسٹس چینل کے انفو سیکشن میں بھی دکھائی دینے کا امکان ہے۔ اس جگہ سے ایڈمنز اپنی آنے والی اپڈیٹس کا جائزہ لے سکیں گے اور اشاعت سے پہلے انہیں منظم کرنے کی سہولت بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

یہ فیچر ان چینلز کے لیے خاص طور پر مفید ثابت ہوسکتا ہے جہاں باقاعدگی سے خبریں، اعلانات یا دیگر مواد شیئر کیا جاتا ہے۔ ایڈمنز کو ہر پوسٹ کے وقت دستی طور پر آن لائن رہنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور وہ اپنے مواد کی اشاعت پہلے سے ترتیب دے سکیں گے۔

تاہم فی الحال واٹس ایپ نے اس فیچر کی باضابطہ تصدیق نہیں کی اور نہ ہی عام صارفین کے لیے اس کی ریلیز کی تاریخ بتائی ہے۔ ممکن ہے کہ آزمائشی مرحلے کے دوران اس میں مزید تبدیلیاں کی جائیں۔

ٹیگز: