Wed, September 16, 2026

ایکس میں پوسٹس کو دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کرنے کی سہولت شامل

ایکس میں پوسٹس کو دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کرنے کی سہولت شامل

کیلیفورنیا: سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے اپنے صارفین کے لیے نئی سہولتوں کی جانچ شروع کر دی ہے، جن کا مقصد مختلف پلیٹ فارمز کے درمیان مواد کی شیئرنگ کو زیادہ آسان اور دلچسپ بنانا ہے۔

کمپنی کے پراڈکٹ ہیڈ نکیتا بیئر نے اعلان کیا ہے کہ ایکس پر شائع کی جانے والی پوسٹس کو اب انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ کی اسٹوریز میں بھی شیئر کرنے کے نئے طریقوں پر کام جاری ہے۔

اس کے ساتھ کمپنی ایک نئے "ویڈیو رسپانس" فیچر کی بھی آزمائش کر رہی ہے، جس کے ذریعے صارفین کسی بھی پوسٹ پر براہِ راست ویڈیو کی صورت میں اپنا ردِعمل ریکارڈ کر سکیں گے۔ اس فیچر کا مقصد مواد تخلیق کرنے کے عمل کو مزید مؤثر اور انٹرایکٹو بنانا ہے۔

نکیتا بیئر کے مطابق صارفین کو ٹائم لائن اور فل اسکرین ویو، دونوں آپشنز سے پوسٹس شیئر کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ کسی پوسٹ کو ذاتی تبصرے یا جواب کے ساتھ بھی دیگر پلیٹ فارمز پر شیئر کیا جا سکے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ شیئر کی گئی ویڈیوز پر خودکار طور پر واٹر مارک موجود ہوگا تاکہ مواد کے اصل ماخذ کی شناخت برقرار رہے۔

فی الحال یہ نئی سہولتیں محدود پیمانے پر آزمائی جا رہی ہیں اور ابتدائی مرحلے میں صرف آئی فون استعمال کرنے والے منتخب صارفین کو دستیاب ہیں۔ کمپنی کی جانب سے ابھی ان فیچرز کی وسیع پیمانے پر دستیابی کے حوالے سے کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔

ٹیگز: