عمان : عمان میں منعقدہ انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن کے ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
پاکستانی گھڑ سواروں نے مقابلوں میں مجموعی طور پر 455 پوائنٹس حاصل کیے۔ قومی ٹیم نے مختلف مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 6 طلائی، 5 چاندی اور 2 کانسی کے تمغے اپنے نام کیے۔
ٹیم کی اس کامیابی میں گھڑ سواروں کے ساتھ کوچز اور معاون عملے کی محنت اور مسلسل تیاریوں نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
عمان کے کوالیفائر میں کامیابی کے بعد پاکستان نے 5ویں انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ کے لیے اپنی جگہ بنا لی ہے، جو اردن میں منعقد ہوگا۔
پاکستانی ٹیم کی کامیابی سے ملک میں ٹینٹ پیگنگ سمیت گھڑ سواری کے روایتی کھیلوں کی مقبولیت اور دلچسپی میں مزید اضافے کی امید ہے۔