Wed, September 23, 2026

 سعودی قومی دن، پاکستان کا سعودی قیادت اور عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار

  سعودی قومی دن، پاکستان کا سعودی قیادت اور عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کے موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

 صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ عقیدے، تاریخ، دوستی اور باہمی اعتماد کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی باہمی دفاعی معاہدہ دیرینہ شراکت داری کا اہم سنگ میل ہے اور خطے میں امن و سلامتی کے فروغ میں معاون ہے۔

 صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ، علاقائی اور عالمی فورمز پر تعاون اور باہمی حمایت کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان میں استقبال کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی تزویراتی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدہ باہمی تعاون اور قریبی تعلقات کی اہمیت کا مظہر ہے۔

 وزیراعظم نے حوثی حملوں، خصوصاً مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی کو لاحق خطرہ پوری امت مسلمہ کے جذبات کو مجروح کرتا ہے۔

 شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کیلئے شانہ بشانہ کھڑا ہے، جبکہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔

ٹیگز: