Wed, September 16, 2026

وزیراعظم شہباز شریف آج اقوام متحدہ کے اجلاس میں شریک ہوں گے، عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں طے

وزیراعظم شہباز شریف آج اقوام متحدہ کے اجلاس میں شریک ہوں گے، عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں طے

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس میں آج پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وہ اقوام متحدہ کے افتتاحی سیشن میں بھی شریک ہوں گے اور عالمی رہنماؤں کے سامنے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

وزیراعظم کو امریکہ اور قطر کی میزبانی میں ہونے والے ایک خصوصی سربراہی اجلاس میں بھی مدعو کیا گیا ہے، جس میں عرب اور اسلامی ممالک کے قائدین شریک ہوں گے۔ اس اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شرکت بھی متوقع ہے۔

دورے کے دوران وزیراعظم کا شیڈول خاصا مصروف ہے۔ وہ آسٹریا کی چانسلر، کویت کے ولی عہد، عالمی بینک کے صدر اور آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر سمیت کئی اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں معیشت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف "گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو" (GDI) کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، جہاں وہ ترقیاتی اہداف کے حوالے سے پاکستان کا نکتہ نظر پیش کریں گے۔

نیویارک میں اپنے قیام کے دوران وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جب ان کی حکومت آئی، تو پاکستان سنگین معاشی مسائل سے دوچار تھا، لیکن اب حالات بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں اور مہنگائی میں بھی کمی آئی ہے۔

انہوں نے ملک میں جاری "آپریشن بُنْیَانٌ مَرْصُوصٌ" کو سراہتے ہوئے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے اور اقوام متحدہ میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور وکالت کرے گا۔

ٹیگز: