Wed, September 16, 2026

پاکستان کا فلسطین کو تسلیم کرنے والے ممالک کا خیرمقدم

پاکستان کا فلسطین کو تسلیم کرنے والے ممالک کا خیرمقدم

نیویارک : پاکستان نے حال ہی میں فرانس، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، بیلجیئم اور پرتگال جیسے ممالک کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ یہ خطے میں امن کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔

اسحاق ڈار نے ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی جو فرانس اور سعودی عرب نے مشترکہ طور پر منعقد کی تھی، جہاں فلسطین کے دو ریاستی حل پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 1988 میں فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کیا تھا اور اب بھی سمجھتا ہے کہ فلسطینیوں کو بین الاقوامی قانون کے مطابق ان کا حق ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جو ممالک ابھی تک فلسطین کو تسلیم نہیں کر سکے، انہیں بھی چاہیے کہ وہ قانون کے مطابق فلسطین کو تسلیم کریں تاکہ خطے میں دیرپا امن قائم ہو سکے۔

اس موقع پر اسحاق ڈار کی کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سے ملاقات بھی ہوئی، جس میں دونوں نے پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کو مضبوط بنانے پر بات کی۔

ٹیگز: