میکسیکو سٹی : میکسیکو کی سکیورٹی فورسز اور بدنام زمانہ 'جالسکو نیو جنریشن کارٹیل' (CJNG) کے درمیان ہونے والے خونی تصادم میں کارٹیل سربراہ ایل مینچو کی ہلاکت نے ملک بھر میں سکیورٹی کا بحران پیدا کر دیا ہے۔ کارٹیل کے مسلح ارکان نے اپنے لیڈر کی موت کا بدلہ لینے کے لیے ریاست بھر میں دہشت پھیلا دی ہے۔
ریاست جالسکو کے گورنر پابلو لیموس ناورو نے صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے شہریوں کے لیے ہنگامی ہدایات جاری کی ہیں ۔تمام شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔
مسلح جتھوں نے اہم تجارتی راستوں پر ٹرکوں کو آگ لگا کر ناکہ بندی کر دی ہے، جس سے سپلائی لائنز متاثر ہو رہی ہیں۔ایل مینچو کی ہلاکت کے بعد عالمی سطح پر بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ پرتشدد واقعات کے خدشے کے پیشِ نظر ایئر کینیڈا نے میکسیکو کے سیاحتی شہر پوئرٹو ولارٹا کے لیے اپنی تمام پروازیں فوری طور پر منسوخ کر دی ہیں۔
امریکی نائب وزیر خارجہ نے جہاں اس ہلاکت کو سراہا ہے، وہاں امریکی شہریوں کو میکسیکو کے متاثرہ علاقوں میں سفر سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ بڑی کارروائی میکسیکن صدر پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس شدید دباؤ کے بعد عمل میں آئی ہے جس میں انہوں نے میکسیکو میں منشیات کے اڈوں کو نشانہ بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔ 'ایل مینچو' کی ہلاکت کو اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔