راولپنڈی : ضلعی انتظامیہ نے شہر میں کسی بھی ممکنہ احتجاج اور امن و امان کی نازک صورتحال کے پیشِ نظر دفعہ 144 کی مدت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد اب شہر میں عوامی اجتماعات پر پابندی کی مدت میں 15 روز کی توسیع ہو گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، حسن وقار چیمہ کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 اب 8 مارچ تک نافذ رہے گی۔
یہ اقدام امن و امان کے قیام، شہریوں کے تحفظ اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے تحت راولپنڈی کی حدود میں درج ذیل سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔ پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے، جلسے، جلوس اور ریلیوں پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ ہر قسم کے اسلحے کی نمائش اور بغیر لائسنس اسلحہ لے کر چلنے کی ممانعت ہوگی۔ خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات پر گڑی نظر رکھیں تاکہ دفعہ 144 کے نفاذ کو سو فیصد یقینی بنایا جا سکے۔