Wed, September 16, 2026

صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 8 دن کی توسیع

 صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 8 دن کی توسیع

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 8 دن کی توسیع کر دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد امن و امان برقرار رکھنا اور عوامی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ اس دوران صوبے میں کسی بھی قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور اجتماعات پر پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ، عوامی مقامات پر چار یا اس سے زیادہ افراد کا اکٹھا ہونا بھی غیر قانونی قرار دے دیا گیا ہے۔

اسلحہ کی نمائش اور لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ فرقہ وارانہ اور اشتعال انگیز مواد کی اشاعت اور تقسیم بھی ممنوع ہے۔ تاہم، شادی کی تقریبات، جنازے اور تدفین میں یہ پابندیاں لاگو نہیں ہوں گی۔ سرکاری اہلکار اور عدالتیں بھی اس سے مستثنیٰ ہیں، جبکہ لاؤڈ سپیکر صرف اذان اور جمعہ کے خطبے کے لیے استعمال ہو سکیں گے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات سکیورٹی خطرات کے پیش نظر کیے گئے ہیں، کیونکہ عوامی احتجاجات شرپسند عناصر کے لیے موقع بن سکتے ہیں جو دہشت گردی کی کارروائیاں انجام دے سکتے ہیں۔

دفعہ 144 کے نفاذ کی توسیع کا فیصلہ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی 39ویں اجلاس میں کیا گیا تھا، اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ عوامی آگاہی کے لیے اس کی تشہیر بھی کی جائے گی تاکہ لوگ اس پابندی سے آگاہ رہیں۔یہ پابندیاں 1 نومبر تک نافذ رہیں گی اور حکومت پنجاب عوامی تحفظ کے لیے مزید اقدامات پر غور کر رہی ہے۔

ٹیگز: