مری: مری میں ضلعی انتظامیہ نے اہم اقدام کرتے ہوئے پورے علاقے میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کا باضابطہ حکم نامہ ڈپٹی کمشنر مری کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مری اور اس کے نواحی علاقوں میں مسلسل اور شدید بارشوں کے پیش نظر ندی نالوں، آبشاروں اور دیگر آبی مقامات پر جانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ڈیمز اور تفریحی مقامات پر نہانے اور تیراکی کرنے پر بھی سخت پابندی لگا دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کورنگ نالہ، چھتر پارک، سملی ڈیم اور نیلا ساندھ کوٹلی ستیاں سمیت مختلف حساس مقامات پر آمدورفت پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اسی طرح دریائے جہلم کے اطراف بریٹی، تائیں ڈھلکوٹ، بیسن واٹر فال اور کرور ڈیم کو بھی بندش میں شامل کر لیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ 6 جون سے 5 جولائی 2026 تک، یعنی 30 دن کے لیے برقرار رہے گا۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مجسٹریٹ عدالتوں کے ذریعے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔