کیلیفورنیا : سائنسدانوں نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ دسمبر 2021 کے بعد پہلی بار سورج کی سطح مکمل طور پر صاف نظر آ رہی ہے اور اس پر کوئی سن سپاٹس نہیں ہیں۔ ماہرین کے مطابق، سورج کا وہ حصہ جو زمین کی طرف ہے، ایک ہموار اور چمکدار ڈسک کی طرح دکھائی دے رہا ہے، جو اس کی غیر معمولی سکون کو ظاہر کرتا ہے۔
رشین اکیڈمی آف سائنس کے سپیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی سولر ایسٹرونومی لیبارٹری نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ سورج کی موجودہ حالت غیر معمولی طور پر پرسکون ہے اور اس پر سن سپاٹس کی عدم موجودگی ایک اہم سائنسی پیش رفت ہے۔ یہ صورتحال گزشتہ کئی سالوں میں پہلی بار دیکھی گئی ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سورج کی فلیئر ایکٹیویٹی انڈیکس بھی صفر پر پہنچ چکا ہے، جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ سورج کی سرگرمیاں بہت کم ہو چکی ہیں۔
سن سپاٹس وہ سیاہ دھبے ہیں جو سورج کی سطح پر پائے جاتے ہیں اور یہ طاقتور مقناطیسی میدان کے مراکز ہوتے ہیں۔ یہ مقناطیسی میدان سورج کی توانائی کے اخراج اور سولر فلیر جیسے واقعات میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ سن سپاٹس کا غائب ہونا یہ ظاہر کر رہا ہے کہ سورج کم سرگرمی کے دور میں جا سکتا ہے، جسے سولر منیمم کہا جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال اس لیے بھی غیر معمولی ہے کیونکہ صرف 18 ماہ قبل سورج نے اپنے شمسی چکر کا عروج مکمل کیا تھا، جس کے دوران اس نے شدید ریڈی ایشن سٹورمز اور طاقتور سولر فلیرز دکھائے تھے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ خاموشی عارضی ہو سکتی ہے اور مستقبل میں سورج کی سرگرمی دوبارہ بڑھ سکتی ہے، کیونکہ تاریخ میں کم سرگرمی کے طویل ادوار ماضی میں بھی دیکھے جا چکے ہیں، جو سورج کے قدرتی چکر کا حصہ ہوتے ہیں۔