ملتان : پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے تیرہویں مقابلے میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ میچ بدھ کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
ٹاس کے بعد اظہارِ خیال کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا، "ہم نے کل بھی ٹاس جیت کر بیٹنگ کی تھی، آج بھی اسی حکمت عملی کو برقرار رکھا ہے۔ کوشش کریں گے کہ ایک اچھا ہدف مقرر کریں۔"
دوسری طرف اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ "ہم ٹیم میں سادگی اور تسلسل کو ترجیح دیتے ہیں، غیر ضروری پیچیدگی ٹیم پر دباؤ ڈالتی ہے۔"
انہوں نے مزید کہا، "ہمارا فوکس ہے کہ ناک آؤٹ مرحلے سے قبل ایک مضبوط کمبی نیشن تیار کریں، اور ہر کھلاڑی کو اعتماد دیں۔"
اسلام آباد یونائیٹڈ اس وقت بہترین فارم میں ہے، تمام چار میچز میں کامیابی کے بعد وہ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔ اس کے برعکس، ملتان سلطانز کو جیت کی تلاش ہے کیونکہ وہ اب تک صرف ایک میچ جیت پائے ہیں۔
ادھر کراچی میں پی ایس ایل میچز کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد شائقین کرکٹ اسٹیڈیم سے دور دکھائی دیے، جس سے ماحول میں جوش کی کمی محسوس کی گئی۔