پشاور:وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پُر امن احتجاج ہر ایک کا حق ہے، لیکن وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو ٹک ٹاک کی دنیا سے باہر آکر اپنی اصل ذمہ داری یعنی امن و امان کے قیام پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انہوں نے پہلے بھی احتجاج کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا ہے۔
کوہاٹ کے دورے کا احوال بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ روز شہید پولیس کانسٹیبل کے گھر گئے، سی ایم ایچ میں زخمیوں سے ملاقات کی اور مقامی عمائدین سے مل کر ان کے مسائل دریافت کیے۔ اس موقع پر انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ شہدا کے ورثا کس حال میں ہیں۔ مزید برآں، وفاقی وزیر نے دہشت گردی کا شکار ہونے والے صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ زخمی یا شہید صحافیوں کے لیے شہدا پیکج پر غور کیا جائے گا۔