اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں انتظامی امور مفلوج ہو چکے ہیں اور عوامی وسائل کا بے دریغ ضیاع جاری ہے۔
اپنے ایک حالیہ بیان میں وفاقی وزیر نے صوبائی کابینہ کی تعداد بڑھائے جانے کے فیصلے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وزرا اور مشیران کی فوج ظفر موج اکٹھی کر لی گئی ہے جن کے انتخاب کا معیار میرٹ کے بجائے صرف نااہلی ہے۔
عطا تارڑ نے صوبے کی طویل المدتی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا جو حکومت گزشتہ 12 سال سے زائد عرصے میں صوبے کی حالت نہیں بدل سکی، وہ کابینہ کا حجم بڑھا کر کون سی گورننس بہتر کرے گی؟ خیبر پختونخوا کے حالات اتنے خراب تاریخ میں کبھی نہیں رہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونے کے بجائے شاہانہ اخراجات اور سیاسی مہم جوئی کی نذر کیا جا رہا ہے، جس نے صوبے کو شدید بحران کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔