تہران : مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام اور عالمی سفارت کاری کے حوالے سے ایک انتہائی غیر معمولی اور بڑی تزویراتی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان کی پسِ پردہ اور فعال ثالثی کے نتیجے میں ایران اور امریکہ کے درمیان ایک تاریخی معاہدہ جلد متوقع ہے۔
اس سلسلے میں مشن کو حتمی شکل دینے کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایک اہم سفارتی و سیکیورٹی دورے پر تہران پہنچ چکے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تہران میں اعلیٰ ایرانی قیادت اور اہم ترین شخصیات سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق، ان کی ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے بھی ایک انتہائی اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں خطے میں پائیدار امن کے قیام، تزویراتی سیکیورٹی اور معاہدے کے خدوخال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان کی جانب سے سفارتی کوششوں کو مزید تیز کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی بھی گزشتہ دو روز سے تہران میں موجود ہیں۔ ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی وزراء اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں جاری ہیں، جن میں دوطرفہ سیکیورٹی تعاون اور جاری امن عمل کو آگے بڑھانے پر بات چیت کی جا رہی ہے۔
عالمی امور کے ماہرین کا ماننا ہے کہ پاکستان کی اس مخلصانہ اور اعلیٰ سطح کی ثالثی کے باعث ہونے والا یہ ممکنہ معاہدہ خطے سے کشیدگی کے بادل چھاٹنے اور بین الاقوامی امن کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔