تہران : پاکستان نے خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور عالمی امن کے لیے ایک بار پھر کلیدی کردار سنبھال لیا ہے۔ چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔ اس اہم دورے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل کے ہمراہ ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی اور انتظامی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مذاکرات کا حصہ بنیں گے۔
اس دورے کا سب سے اہم پہلو امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے پاکستان کی ثالثی ہے۔ آئی ایس پی آر نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی وفد ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے آغاز سے متعلق اہم بات چیت کرے گا۔ فیلڈ مارشل کی تہران آمد کا مقصد ان سفارتی کوششوں کو تیز کرنا ہے جو خطے میں جاری تنازعات کو روکنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
سفارتی حلقوں کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں یہ مشن تہران اور واشنگٹن کے درمیان برف پگھلانے میں اہم ثابت ہو سکتا ہے۔ پاکستان کی یہ کوششیں نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی استحکام کے لیے بھی انتہائی ناگزیر قرار دی جا رہی ہیں۔