Wed, September 16, 2026

پاکستانی ثالثی کا بڑا بریک تھرو: امریکا اور ایران کا نئی تجاویز پر رابطہ، تہران کا پابندیاں ہٹانے پر اصرار

پاکستانی ثالثی کا بڑا بریک تھرو: امریکا اور ایران کا نئی تجاویز پر رابطہ، تہران کا پابندیاں ہٹانے پر اصرار

اسلام آباد / تہران: پاکستان کی کامیاب مصالحتی کوششوں کے باعث امریکا اور ایران کے مابین جاری سفارتی جمود ٹوٹ گیا ہے، جہاں دونوں ممالک نے حالیہ ایرانی تجاویز پر اپنے اپنے تفصیلی مؤقف کا تبادلہ کیا ہے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران نے مذاکرات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے اپنے منجمد فنڈز کی غیر مشروط بحالی اور معاشی پابندیوں کے فوری خاتمے کو کلیدی شرط قرار دیا ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سمیت پڑوسی ممالک کے ساتھ تہران کے کوئی تنازعات نہیں ہیں، تاہم ایران اپنی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دے گا اور دشمن کو دندان شکن جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا پر اب یہ حقیقت عیاں ہو چکی ہے کہ دھمکیوں یا اقتصادی پابندیوں کے زور پر تہران کو جھکایا نہیں جا سکتا۔

دوسری جانب، خلیجی خطے میں سمندری راستوں کو محفوظ بنانے کے لیے بھی سفارتی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ گزشتہ ہفتے عمان میں ایرانی اور عمانی تکنیکی ٹیموں کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں سٹریٹجک اہمیت کی حامل گزرگاہ 'آبنائے ہرمز' میں تجارتی جہازوں کی پرامن اور محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانے کے طریقہ کار پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

ٹیگز: