Thu, September 17, 2026

پاکستان کا سمندری حیات کے تحفظ کے لیے اہم عالمی معاہدے پر دستخط

پاکستان کا سمندری حیات کے تحفظ کے لیے اہم عالمی معاہدے پر دستخط

نیویارک  : پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے ایک بڑے عالمی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جو سمندر میں قومی حدود سے باہر موجود سمندری حیات کے تحفظ اور اس کے پائیدار استعمال سے متعلق ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ معاہدہ دنیا بھر میں سمندری وسائل کی حفاظت اور ان کے منصفانہ استعمال کو یقینی بنانے کی ایک بڑی کوشش ہے، جس میں پاکستان نے بھرپور اور نمایاں کردار ادا کیا۔

پاکستان نے اس عمل کے دوران ترقی پذیر ملکوں کی نمائندگی کرتے ہوئے نہ صرف جی 77 اور چین گروپ کی قیادت کی، بلکہ ایسے نکات پر زور دیا جو سب ملکوں کے لیے یکساں فائدہ مند ہوں، جیسے کہ وسائل کی مساوی تقسیم، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مہارت بڑھانے کے مواقع۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف اس اصول پر مبنی تھا کہ سمندری وسائل پوری انسانیت کا مشترکہ ورثہ ہیں، اور سب کا حق ہے کہ وہ ان سے فائدہ اٹھائیں — نہ کہ صرف چند امیر ممالک۔

اس معاہدے پر دستخط کر کے پاکستان نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ عالمی سطح پر ماحول، قدرتی وسائل، اور آنے والی نسلوں کے تحفظ کے لیے پرعزم اور متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔

ٹیگز: