اترپردیش :اتر پردیش میں بھارتی فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ دورانِ پرواز حادثے کا شکار ہو گیا، تاہم طیارے میں سوار دونوں پائلٹس محفوظ رہے۔ واقعہ پریاگ راج کے قریب بمرولی ایئر فورس اسٹیشن کے علاقے میں پیش آیا۔
بھارتی فضائیہ کے مطابق یہ مائیکرولائٹ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے لیے روانہ ہوا تھا، جب دورانِ پرواز تکنیکی خرابی پیدا ہوئی۔ پائلٹس نے فوری فیصلہ کرتے ہوئے طیارے کو غیر آباد علاقے میں ہنگامی لینڈنگ کر دی، جس کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
مقامی پولیس افسر منیش شاندلیہ نے بتایا کہ طیارے کے انجن میں اچانک فنی خرابی پیدا ہوئی، جس کے بعد پائلٹس نے قریبی تالاب میں کنٹرولڈ لینڈنگ کر کے اپنی جانیں محفوظ بنائیں۔
بھارتی فضائیہ نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اس کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔ یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں بھارتی فضائیہ متعدد فضائی حادثات کا شکار رہی ہے، جن میں بعض میں انسانی جانوں کا ضیاع بھی ہوا۔