Wed, September 16, 2026

 147 رنز کا ہدف سری لنکا کے لیے 'پہاڑ' بن گیا، انگلینڈ کی 51 رنز سے بڑی جیت

 147 رنز کا ہدف سری لنکا کے لیے 'پہاڑ' بن گیا، انگلینڈ کی 51 رنز سے بڑی جیت

پالیکلے: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سُپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ نے حیران کن دفاع کرتے ہوئے سری لنکا کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر عبرتناک شکست دے دی۔ صرف 146 رنز بنانے کے باوجود انگلش باؤلرز نے کینگرو ٹیم کو ناک آؤٹ کرنے والی سری لنکن بیٹنگ لائن کو محض 95 رنز پر ڈھیر کر دیا۔
ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 146 رنز بنا سکی۔ انگلینڈ کی جانب سے اوپنر فل سالٹ نے برق رفتار 62 رنز بنا کر ٹیم کو معقول مجموعے تک پہنچایا، جبکہ ول جیکس 21 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ سری لنکا کے دنتھ ویلالاگے نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہوم کنڈیشنز میں 147 رنز کا تعاقب کرنے والی سری لنکن ٹیم انگلش اٹیک کے سامنے مکمل بے بس نظر آئی۔ پوری ٹیم 16 ویں اوور میں ہی پویلین لوٹ گئی۔
ول جیکس کا آل راؤنڈر جادو: بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی 3 وکٹیں لے کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔جوفرا آرچر اور عادل رشید نے سری لنکن بلے بازوں کو کریز پر ٹکنے نہ دیا اور دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس بڑی جیت کے ساتھ انگلینڈ نے سیمی فائل کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔ یاد رہے کہ اسی گروپ میں شامل پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ گزشتہ روز بارش کی نذر ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا تھا۔ اب پاکستان کو اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے اپنے بقیہ میچز میں لازمی فتح درکار ہے۔

ٹیگز: