لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ”گندم اگاؤ“ انعامی سکیم کے تحت وِیٹ این سینٹیو پروگرام کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت گندم کے کاشتکاروں کو مفت ٹریکٹر فراہم کیے جائیں گے۔ اس پروگرام میں ایک ہزار ٹریکٹر تقسیم کیے جائیں گے۔
مریم نواز شریف نے خود بٹن دبا کر ڈیجیٹل قرعہ اندازی کی اور سب سے پہلا ٹریکٹر بہاولنگر کی خاتون کاشتکار کوثر پروین کو ملا۔ اس کے بعد، وزیراعلیٰ نے فون پر کامیاب کاشتکاروں کو مبارکباد دی، جیسے جھنگ کے محمد اقبال اور منڈی بہاؤالدین کے سلمان احمد کو مفت ٹریکٹر ملنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ انشاءاللہ گندم کی فصل اچھی ہوگی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس مہم میں 12 ایکڑ یا اس سے زیادہ اراضی رکھنے والے 57,733 کاشتکاروں نے اپلائی کیا تھا، جن میں سے 21,496 کاشتکاروں کو قرعہ اندازی کے لیے منتخب کیا گیا۔ ان کامیاب کاشتکاروں کو 55 ہارس پاور کے ٹریکٹر مفت ملیں گے۔
اس سال پنجاب میں 5 لاکھ 60 ہزار ایکڑ اراضی پر گندم کاشت کی گئی ہے، اور تین ماہ کے اندر تمام کامیاب کاشتکاروں کو ٹریکٹر فراہم کر دیے جائیں گے۔