لاہور: پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ماحول دوست وژن کے مطابق بڑے پیمانے پر شجرکاری اور ماحولیاتی منصوبے شروع کر دیے ہیں۔
چیف منسٹر پلانٹ فار پاکستان انیشی ایٹو کے تحت 50,869 ایکڑ پر 4 کروڑ 20 لاکھ درخت لگائے جا رہے ہیں جبکہ سی ایم ایگروفاریسٹری انیشی ایٹو میں 3,790 ایکڑ فارسٹ ویسٹ لینڈ پر 13 لاکھ 75 ہزار درخت لگانے کا کام جاری ہے۔
گرین پاکستان پروگرام کے تحت 2 لاکھ 51 ہزار ایکڑ پر 46 کروڑ سے زائد درخت لگانے کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ نہری رقبے پر 50 لاکھ درخت قطاروں کی صورت میں لگانے کے منصوبے کو بھی مکمل کیا جا رہا ہے۔
لال سوہانرا نیشنل پارک اور سالٹ رینج میں ماحولیاتی سیاحت کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ جنگلات کی حفاظت کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور 104 کنٹرول سینٹرز 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔
مری اور کہوٹہ میں آفات سے بچاؤ کے لیے فائر واچرز، واچ ٹاورز اور فائر وہیکلز کی فراہمی کا کام بھی جاری ہے تاکہ قدرتی ماحول کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔