Wed, September 16, 2026

 متنازعہ بیانات سے حالات بگاڑنے والے عناصر کو روکا جائے:شرجیل میمن کی نواز شریف اور شہباز شریف سے اپیل

 متنازعہ بیانات سے حالات بگاڑنے والے عناصر کو روکا جائے:شرجیل میمن کی نواز شریف اور شہباز شریف سے اپیل

کراچی : سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے نواز شریف اور شہباز شریف سے درخواست کی ہے کہ وہ ان عناصر کو سمجھائیں جو حالات بگاڑنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ملک میں ماحول خراب کرنے والی بیان بازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم سے بھی اپیل کی کہ وہ ان لوگوں کو روکے جو سیاسی ماحول کو مزید کشیدہ بنا رہے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران شرجیل میمن نے بتایا کہ پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کینالز کے معاملے پر اپنے موقف پر قائم ہیں اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے نمائندے نے ارسا کے اجلاس میں پانی کی کمی پر اعتراض کیا تھا اور پنجاب کو پانی کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے بعد سندھ نے اپنے اعتراضات پیش کیے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کا موقف واضح ہے کہ کینالز نہیں بننی چاہئیں اور پنجاب میں زیر زمین میٹھے پانی کا استعمال کاشتکاری کے لیے کیا جائے۔ انہوں نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے ہونے والی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اس مسئلے کو حل کرنے کے خواہش مند ہیں۔

وزیر نے یہ بھی کہا کہ احتجاج کرنا ہر شہری کا آئینی حق ہے لیکن سڑکوں کو بلاک کرنے سے عوام کو شدید مشکلات پیش آتی ہیں، اس لیے احتجاج کو پرامن طریقے سے کرنا چاہیے۔ انہوں نے ن لیگ کے وزرا کی بیان بازی کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی باتوں سے حالات مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں اور نواز شریف و شہباز شریف کو اپنے وزرا کو سمجھانا چاہیے۔

ٹیگز: