لاہور : ملک کے مختلف حصوں میں گرمی نے اپنا رنگ دکھانا شروع کر دیا ہے۔ سورج خوب چمک رہا ہے اور موسم دن بدن گرم ہوتا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند دنوں تک بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، البتہ کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
کراچی والوں کے لیے ہیٹ ویو کا یہ تیسرا دن ہے۔ آج درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، اور یہ گرمی کی لہر 23 اپریل تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ آج صبح شہر کا کم از کم درجہ حرارت 24 ڈگری اور اس وقت کا درجہ حرارت 28 ڈگری ہے۔
لاہور میں بھی سورج پوری شدت سے نکل آیا ہے۔ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 36 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ فی الحال بارش کی کوئی امید نہیں اور گرمی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں بھی گرم اور خشک موسم رہے گا اور کچھ مقامات پر گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے پورے ملک میں آج سے 27 اپریل تک ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا ہے اور لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔