لاہور : ملک کے زیادہ تر علاقے اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، اور آنے والے دنوں میں موسم مزید گرم ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 18 اپریل تک جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔
لاہور میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث پی ڈی ایم اے نے ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ شہریوں کو سخت دھوپ سے بچنے، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور ہلکے کپڑے پہننے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کراچی میں بھی گرمی کا زور برقرار ہے۔ اگرچہ سمندری ہوائیں بحال ہو گئی ہیں، مگر درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، اور ہوا میں نمی کے باعث گرمی کی شدت مزید محسوس ہو رہی ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ہیٹ ویو خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور خاص طور پر بچوں اور بزرگوں کا خاص خیال رکھیں۔