کوئٹہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلوچستان کے امن کو پاکستان کا امن قرار دیتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی آپریشنل ضروریات اور مضبوطی کے لیے 10 ارب روپے کی خطیر رقم وقف کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کوئٹہ کے دورے کے دوران فرنٹیر کانسٹیبلری (FC) کے ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطح کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے دہشت گردی کے خلاف اگلے مورچوں پر لڑنے والے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے 10 ارب روپے کی مالی معاونت کا باقاعدہ اعلان کیا۔
مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کے لیے دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پنجاب ہر قدم پر بلوچستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پنجاب کے تمام وسائل اور خدمات بلوچستان کے لیے حاضر ہیں اور وہ کسی بھی ضرورت کی صورت میں "محض ایک فون کال کی دوری پر" ہیں۔
اس دورے اور مالی معاونت کو سیاسی مبصرین کی جانب سے بین الصوبائی ہم آہنگی کی ایک بڑی کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے عزم ظاہر کیا کہ وفاق اور تمام صوبے مل کر بلوچستان سے دہشت گردی کا قلع قمع کریں گے اور ترقی کا سفر مل کر طے کیا جائے گا۔