ہانگ کانگ : فیفا نے پہلی مرتبہ آسیان کپ کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے، جس میں پاکستان سمیت 14 قومی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ نئے فٹبال ٹورنامنٹ کے مقابلے 24 ستمبر سے 5 اکتوبر 2026 تک جاری رہیں گے۔
ایونٹ کی میزبانی انڈونیشیا کے شہر جکارتہ اور بینڈونگ کے علاوہ ہانگ کانگ بھی کرے گا۔ ٹورنامنٹ میں آسیان کے تمام 11 رکن ممالک کے ساتھ تین غیر رکن مہمان ٹیموں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کو ڈویژن ون میں جگہ دی گئی ہے، جہاں قومی ٹیم بنگلادیش، انڈونیشیا، ملائیشیا، فلپائن، سنگاپور، تھائی لینڈ اور ویتنام کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔
دوسری جانب ڈویژن ٹو میں ہانگ کانگ، برونائی دارالسلام، کمبوڈیا، لاؤس، میانمار اور تیمور لیستے کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔
ٹورنامنٹ کے دونوں ڈویژنز میں ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ گروپ مرحلے کے دوران ہر ٹیم سنگل راؤنڈ رابن نظام کے تحت دیگر ٹیموں کے خلاف ایک ایک میچ کھیلے گی۔
ہر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں فائنل میں پہنچیں گی، جہاں ایونٹ کی فاتح ٹیم کا فیصلہ ہوگا۔ اس کے علاوہ انڈونیشیا میں ڈویژن ون کے گروپ رنرز اپ تیسری پوزیشن کے مقابلے میں بھی حصہ لیں گے۔
فیفا کے مطابق آسیان کپ کے انعقاد کا مقصد قومی ٹیموں کو زیادہ مسابقتی مواقع فراہم کرنا، خطے میں فٹبال کی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور شریک ممالک کے درمیان کھیلوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔