دبئی: کرکٹ کے دیوانوں کے لیے آج کا دن کسی تہوار سے کم نہیں۔ ایشیا کپ 2025 کا بڑا فائنل آج شام پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں دونوں روایتی حریف آمنے سامنے آ رہے ہیں۔ میچ شام ساڑھے سات بجے دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ہمیشہ سخت مقابلہ ہوتا ہے، اور شائقین کا جوش آج عروج پر ہے۔ پاکستان نے سیمی فائنل جیسے اہم میچ میں بنگلہ دیش کو 11 رنز سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ بھارت پہلے ہی اس ٹورنامنٹ میں دو بار پاکستان کو شکست دے چکا ہے۔
لیکن فائنل ایک الگ ہی معرکہ ہوتا ہے، جہاں نہ ماضی کام آتا ہے نہ اعداد و شمار۔ یہاں صرف وہی ٹیم جیتتی ہے جو آج کے دن بہتر کھیلے۔
پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ ٹیم نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے اور پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ پاکستان کی بہترین بیٹنگ ابھی باقی ہو، اور وہ فائنل میں دیکھنے کو ملے۔
شائقین کی نظریں شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، صائم ایوب، اور صاحبزادہ فرحان پر ہیں، جن سے ایک یادگار کارکردگی کی امید کی جا رہی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ماضی میں جب بھی دونوں ٹیمیں کسی ٹورنامنٹ کے فائنل میں مدمقابل آئیں، تو 5 میں سے 3 بار پاکستان فاتح رہا ہے، جبکہ بھارت نے 2 بار کامیابی حاصل کی۔
سلمان علی آغا نے یہ بھی واضح کیا کہ میدان میں جتنا بھی دباؤ ہو، کھیل کی روایات اور احترام قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ پروفیشنل انداز اپناتے ہیں، چاہے فوٹو شوٹ ہو یا ہینڈ شیک۔