کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے کامران اصغر قریشی کو اسلحہ و منشیات برآمدگی کیس میں 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ کامران قریشی مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان قریشی کے والد ہیں۔
عدالت میں سماعت کے دوران، ملزم نے یہ دعویٰ کیا کہ اس کے جسم کے نازک حصوں پر تشدد کیا گیا تھا، جس پر عدالت نے ملزم کا فوری طور پر طبی معائنہ کرنے کا حکم دیا۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر شکیل عباسی نے درخواست کی کہ ملزم سے اسلحے اور منشیات کی سپلائی کے بارے میں معلومات حاصل کی جائیں، اس لیے اس کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
ملزم کے وکیل نے کہا کہ 18 مارچ کو ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا، اور وہ اپنے بیٹے کا دفاع کر رہا ہے۔ عدالت نے ملزم کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے ایف آر کی کاپی دینے اور طبی معائنہ کروانے کا حکم دیا۔
ملزم نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر ارمغان قریشی نے کسی کا قتل کیا ہے تو اسے سزا ملنی چاہیے۔