Wed, September 16, 2026

امریکا نے بانی پی ٹی آئی سے متعلق سوالات کا جواب دینے سے انکار کر دیا

امریکا نے بانی پی ٹی آئی سے متعلق سوالات کا جواب دینے سے انکار کر دیا

واشنگٹن: امریکا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بارے میں سوالات پر کسی بھی قسم کا ردعمل دینے سے انکار کر دیا۔

بدھ کے روز امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے میڈیا بریفنگ کے دوران عمران خان کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی دوسرے ملک کے اندرونی معاملات پر بات نہیں کریں گے اور اگر چاہیں تو وائٹ ہاؤس سے بھی سوال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا کو دنیا بھر میں ہونے والی تبدیلیوں پر توجہ ہے، لیکن دوسرے ممالک کے داخلی مسائل پر تبصرہ کرنا ان کا کام نہیں۔

اس کے علاوہ، ٹیمی بروس نے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کے لیے کسی فہرست کی باتوں کو بھی غلط قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، وہ درست نہیں ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کے حکم پر امریکا اپنی سلامتی کے لیے جائزہ لے رہا ہے کہ ویزا مسائل کو کیسے حل کیا جائے اور کس کو امریکا میں داخلے کی اجازت دینی ہے، اور اس جائزے کے مکمل ہونے کے بعد ہی اس بارے میں بات کی جائے گی۔ واضح رہے کہ عالمی ذرائع ابلاغ نے خبر دی تھی کہ ٹرمپ انتظامیہ افغانستان اور پاکستان سمیت کچھ ممالک پر دوبارہ سفری پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہی ہے۔

ٹیگز: