Wed, September 16, 2026

بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے متعلق اہم پیشرفت، اڈیالہ جیل نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب جمع کرادیا

بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے متعلق اہم پیشرفت، اڈیالہ جیل نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب جمع کرادیا

اسلام آباد:  پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کو بند کرنے کی درخواست پر اڈیالہ جیل کی جانب سے اہم جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرایا گیا ہے۔ جیل حکام نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے چلایا جانے کا تاثر غلط ہے اور اس بارے میں کی جانے والی تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے واضح کیا کہ عمران خان جیل میں مکمل نگرانی (سرویلنس) کے تحت ہیں، اور ان کے پاس موبائل فون یا کوئی بھی ممنوعہ چیز رکھنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ جیل میں موبائل سگنلز کو بلاک کرنے کے لیے جیمرز نصب ہیں، جس کے باعث جیل کے اندر اور اس کے ارد گرد موبائل سگنلز مکمل طور پر بند رہتے ہیں۔

سپرنٹنڈنٹ نے مزید بتایا کہ عمران خان اور ان کے ساتھ موجود سٹاف کو باقاعدگی سے سرچ کیا جاتا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ان کے پاس کسی قسم کی ممنوعہ سہولت نہیں ہے۔ جیل رولز کے مطابق، عمران خان کو سیاسی گفتگو کرنے سے روکا گیا ہے، تاہم کبھی کبھار ان سے ملنے والے وکلا اور اہل خانہ غیر قانونی طور پر سیاسی بحث کرتے ہیں۔

جواب میں یہ بھی کہا گیا کہ عمران خان کے جیل سے دیے گئے سیاسی پیغامات نے ماضی میں معاشرتی تناؤ اور تشدد کو بڑھاوا دیا، لیکن ان کا ایکس اکاؤنٹ جیل کے اندر سے آپریٹ نہیں ہو رہا۔ جیل حکام کے مطابق یہ اکاؤنٹ باہر سے کسی اور کے ذریعے چلایا جا رہا ہے، کیونکہ جیل میں نہ موبائل فون کی اجازت ہے اور نہ ہی انٹرنیٹ کی۔

ٹیگز: