Wed, September 16, 2026

انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز: پاکستانی اوپنر امام الحق نے نیا سنگ میل عبور کرلیا

انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز: پاکستانی اوپنر امام الحق نے نیا سنگ میل عبور کرلیا

لاہور : پاکستانی اوپنر امام الحق نے انگلینڈ کے خلاف لیڈز ٹیسٹ کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ میں 5 ہزار رنز مکمل کرکے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرلیا۔

امام الحق پاکستان کی جانب سے 5 ہزار یا اس سے زائد انٹرنیشنل رنز بنانے والے 30ویں بیٹر بن گئے ہیں۔ اس اعزاز کی فہرست میں انضمام الحق، یونس خان، جاوید میانداد اور عمران خان جیسے سابق سٹارز بھی شامل ہیں۔

30 سالہ امام الحق کو اس سنگِ میل تک پہنچنے کے لیے صرف چار رنز درکار تھے۔ انہوں نے اولی رابنسن کی گیند پر نویں اوور میں چوکا لگا کر اپنے 5 ہزار رنز مکمل کیے۔

اب تک 107 انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے امام الحق کے نام 5,038 رنز ہیں۔ ان کے ریکارڈ میں 12 سنچریاں اور 31 نصف سنچریاں شامل ہیں، جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کی بیٹنگ اوسط 41.29 ہے۔

لیڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں امام الحق نے 42 رنز بنائے۔ وہ جوش ٹونگ کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ اس سے قبل امام الحق اور عبداللہ شفیق نے 91 رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستان کی اننگز کو ابتدائی مشکلات سے نکالنے کی کوشش کی۔

تاہم اس شراکت کے بعد پاکستانی بیٹنگ ایک مرتبہ پھر دباؤ کا شکار ہوگئی اور پوری ٹیم 171 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کے جوش ٹونگ اور اولی رابنسن نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

ٹیگز: