واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور ایران پر پابندیوں سے متعلق قانون پر دستخط کر دیے، جس کے بعد دونوں ممالک کے خلاف امریکی پابندیوں کا دائرہ مزید وسیع ہوگیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق قانون کے تحت ایران پر پہلے سے عائد پابندیوں میں توسیع کی گئی ہے، جبکہ روس کے خلاف پابندیوں، محصولات اور دیگر اقتصادی اقدامات کا دائرہ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان نے بل کو 159 کے مقابلے میں 262 ووٹوں سے منظور کیا تھا، جبکہ سینیٹ میں بل کے حق میں 86 اور مخالفت میں 11 ووٹ آئے تھے۔
نئے قانون کے تحت امریکی صدر کو پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک پر 100 فیصد تک محصولات عائد کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔
امریکی میڈیا کے مطابق قانون کے ذریعے روس اور ایران کے خلاف اقتصادی دباؤ بڑھانے کے لیے امریکی انتظامیہ کو مزید اختیارات دیے گئے ہیں۔