اسلام آباد :پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ اور جارحیت کا مظاہرہ کیا گیا ہے، جس پر پاکستانی سکیورٹی فورسز نے انتہائی سخت اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات کے ترجمان کے مطابق، افغان طالبان نے صورتحال کا غلط اندازہ لگاتے ہوئے خیبر پختونخوا کے مختلف سرحدی مقامات پر بلااشتعال فائرنگ شروع کی۔ اس اشتعال انگیزی کا مقصد سرحدی نظم و ضبط کو متاثر کرنا تھا، تاہم پاکستانی فورسز کی مستعدی نے اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔
پاکستانی سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ فوری ردعمل دیا، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کی متعدد سرحدی چوکیاں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ بڑی مقدار میں عسکری سازوسامان کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔ سرحد پار بھاری جانی نقصان کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی علاقائی سالمیت اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ کسی بھی قسم کی مہم جوئی یا بلااشتعال کارروائی کا اسی طرح سخت جواب دیا جائے گا۔ افغان حکام کو بارہا باور کرایا گیا ہے کہ وہ اپنے جنگجوؤں کو قابو میں رکھیں اور سرحدی قوانین کی پاسداری یقینی بنائیں۔