سیالکوٹ: وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دشمن نے کسی بھی قسم کے "فالس فلیگ آپریشن" کی جرات کی تو پاکستان کا جواب سرحدوں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ہم کولکتہ تک جا کر ماریں گے۔ سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بھارت کے دہشت گردی کے نئے ڈرامے کو بے نقاب کر دیا۔
خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ بھارت عالمی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے اپنی قید میں موجود بے گناہ پاکستانیوں کی لاشیں پھینک کر انہیں "دہشت گرد" ثابت کرنے کا ڈرامہ رچانا چاہ رہا ہے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت پہلے بھی پاکستان کے ہاتھوں جنگ میں خوب ذلت اٹھا چکا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستانی ایئر فورس نے بھارتی حدود میں گھس کر انہیں جو "پھینٹی" لگائی، وہ تاریخ کا حصہ ہے۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ پاکستان اس وقت امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے اور مذاکراتی عمل کو فروغ دینے میں ایک کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیر دفاع نے خطے کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے تمام اسلامی اور برادر ممالک کے اختلافات کا ختم ہونا ضروری ہے۔ پاکستان خطے میں امن کا داعی ہے لیکن اپنی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ خواجہ آصف کے اس بیان نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور سیاسی قیادت دشمن کی ہر سازش کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔