Wed, September 16, 2026

بھارت نے حملہ کیا تو پاکستان کا جواب فوری اور سخت ہوگا ، ڈی جی آئی ایس پی آر

بھارت نے حملہ کیا تو پاکستان کا جواب فوری اور سخت ہوگا ، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارت کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ وہ اسرائیل ہے اور پاکستان فلسطین۔ اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی، تو پاکستان کا ردعمل فوری، تیز اور سخت ہوگا۔

ترکیہ کی سرکاری خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ دہشتگردی سے متاثر ملک ہے۔ صرف رواں سال کے آغاز سے اب تک ملک میں 3700 سے زائد دہشتگردی کے واقعات ہو چکے ہیں، جن میں 1300 سے زیادہ سیکیورٹی اہلکاروں سمیت تقریباً 3900 افراد شہید ہوئے، اور ہزاروں لوگ زخمی ہو کر اپنے اعضا کھو بیٹھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ان حملوں کے پیچھے بھارتی ہاتھ کارفرما ہے، جو دہشتگرد تنظیموں کو مدد فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کے ذریعے وہاں کی تحریک کو دبانا چاہتا ہے، حالانکہ کشمیر ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ پاکستان پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو ہماری طرف سے جواب نہ صرف فوری ہوگا بلکہ انتہائی سخت اور واضح ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ "بھارت کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ پاکستان افغانستان نہیں اور بھارت امریکہ نہیں، نہ ہی پاکستان فلسطین ہے اور نہ بھارت اسرائیل۔ ہم کسی دباؤ یا تسلط کو قبول نہیں کریں گے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی طرف سے لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ مثال کے طور پر پہلگام واقعے پر بھارت نے پاکستان کو قصوروار ٹھہرایا مگر آج تک کوئی ثبوت نہیں دیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بلوچ علیحدگی پسند تنظیم بی ایل اے نے نہ صرف جعفر ایکسپریس پر حملے کی ذمہ داری قبول کی بلکہ بھارت سے کھلے عام مدد بھی مانگی، اور کچھ بھارتی سیاستدان اور سابق فوجی افسران نے ان کی حمایت میں بیانات دیے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے، جن میں تین رافیل طیارے بھی شامل تھے، لیکن بھارت اس حقیقت کو تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔

ٹیگز: