اسلام آباد :وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے دراندازی یا حملہ کیا تو پاکستان خاموش نہیں بیٹھے گا بلکہ اس کا جواب "متناسب سے زیادہ" دیا جائے گا۔
روسی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا اور پہل بھی نہیں کرے گا، لیکن اگر بھارت نے کشیدگی بڑھائی تو ہم بھرپور ردعمل دینے کے لیے تیار ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت سے خطرہ اب بھی موجود ہے، پہلگام حملے کے پیچھے اصل کہانی کچھ اور لگتی ہے، اور بھارت کا بیانیہ مشکوک ہے۔ انہوں نے مودی کو "اصل دہشتگرد" کہتے ہوئے کہا کہ امریکا اور کینیڈا نے بھی اس پر دہشتگردی کے الزامات لگائے ہیں، جن کی مودی نے آج تک وضاحت نہیں دی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ہونے والی دہشتگردی میں بھارت ملوث ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر بھارت وزیراعظم شہباز شریف کی بات چیت کی پیشکش قبول کرے تو اچھی بات ہے، لیکن ابھی کشیدگی ختم نہیں ہوئی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا قریبی دوست ہے اور وہ خطے کی صورتحال کو اچھی طرح سمجھتا ہے۔