Wed, September 16, 2026

جنگ بندی توڑنے پر بھارت کو فوری اور سخت ردعمل کا سامنا ہوگا، ترجمان پاک فوج

جنگ بندی توڑنے پر بھارت کو فوری اور سخت ردعمل کا سامنا ہوگا، ترجمان پاک فوج

راولپنڈی:پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ اگر بھارت نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تو پاکستان کی جانب سے جواب نہ صرف فوری بلکہ فیصلہ کن اور شدید ہوگا۔

برطانوی نشریاتی ادارے سکائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان اپنی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائے گا اور کسی بھی حملے یا جارحیت کی صورت میں دشمن کو بےرحمانہ ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی قوتیں ہیں، اس لیے کوئی بھی غیر ذمہ دارانہ قدم پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ وہ جارحیت کرکے پاکستان کو کمزور کر سکتا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے "آپریشن بنیان مرصوص" کے تحت بھارت کے 26 سے زائد عسکری اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں فضائی اڈے، سپلائی ڈپو اور ریڈار سسٹمز شامل تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارت کی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں 40 سے زائد پاکستانی شہری شہید جبکہ 120 سے زیادہ زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیزفائر کی کوئی درخواست پاکستان کی جانب سے نہیں آئی، بلکہ یہ پیشکش بھارت نے کی جب اسے پاکستانی ردعمل کی شدت کا اندازہ ہوا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو اندرونی معاملہ قرار دے کر دنیا کو گمراہ کر رہا ہے، حالانکہ یہ تنازع اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حل کرنا ہے۔ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

ٹیگز: