Wed, September 16, 2026

ٹک ٹاک امریکا میں بند ہونے سے بچ گیا، نیا معاہدہ حتمی

ٹک ٹاک امریکا میں بند ہونے سے بچ گیا، نیا معاہدہ حتمی

واشنگٹن: امریکا میں ٹک ٹاک کے صارفین کے لیے خوشخبری ہے کیونکہ کمپنی نے امریکی اور عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ نیا معاہدہ طے کر لیا ہے، جس سے ایپ بند ہونے کا خطرہ ٹل گیا ہے۔

ٹک ٹاک کی پیرنٹ کمپنی بائٹ ڈانس نے نیا جوائنٹ وینچر قائم کرنے کے لیے بائنڈنگ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت امریکی آپریشن کی نگرانی کی جائے گی۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شو زی چو کے مطابق اس معاہدے سے 170 ملین سے زائد امریکی صارفین ایپ استعمال جاری رکھ سکیں گے، اور یہ معاہدہ 22 جنوری کو مکمل ہوگا۔

معاہدے کے تحت امریکی کمپنیوں اوریکل اور سلور لیک، اور ابوظبی کی سرمایہ کاری کمپنی ایم جی ایکس کو مجموعی طور پر 45 فیصد شیئرز ملیں گے، جبکہ بائٹ ڈانس 19.9 فیصد شیئرز اپنے پاس رکھے گی۔ نئے جوائنٹ وینچر کو امریکی ڈیٹا، الگورتھم کی سیکیورٹی اور مواد کی نگرانی کا اختیار حاصل ہوگا، اور اوریکل صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ کی ذمہ داری سنبھالے گا۔

ٹک ٹاک کے مطابق امریکا میں سات ملین سے زائد چھوٹے کاروبار اس پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی مصنوعات اور خدمات کی تشہیر کرتے ہیں، اور نئے معاہدے سے انہیں ریلیف بھی ملے گا۔

ٹیگز: