Wed, September 16, 2026

اسلام آباد ہائیکورٹ کی ویب سائٹ سے جسٹس طارق جہانگیری کا نام ہٹا دیا گیا

اسلام آباد ہائیکورٹ کی ویب سائٹ سے جسٹس طارق جہانگیری کا نام ہٹا دیا گیا

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنی آفیشل ویب سائٹ سے جسٹس طارق محمود جہانگیری کا نام اور تصویر ہٹا دی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی، عدالت نے کاز لسٹ اور نیا روسٹر جاری کیا، جس میں ان کا نام سابق ججز کی فہرست میں بھی شامل نہیں۔ ذرائع کے مطابق، عدالت کی جانب سے ججز کی نئی سنیارٹی لسٹ جلد جاری کی جا سکتی ہے۔

یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس طارق جہانگیری کو جعلی ڈگری کیس میں بطور جج نااہل قرار دیا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ طارق جہانگیری کی ایل ایل بی کی ڈگری جعلی تھی اور ان کی جج کے طور پر تعیناتی غیر قانونی تھی۔ اس فیصلے کے بعد عدالت نے وزارت قانون کو ہدایت دی کہ وہ جسٹس طارق جہانگیری کو جج کے عہدے سے ہٹا دے۔

سماعت کے دوران کراچی یونیورسٹی کے رجسٹرار نے طارق جہانگیری کی ڈگری کے بارے میں مکمل اوریجنل ریکارڈ پیش کیا۔ رجسٹرار نے بتایا کہ طارق جہانگیری کو امتحان میں نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا اور ایگزامنر کو دھمکیاں دینے پر ان پر تین سال کی پابندی لگائی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ طارق جہانگیری نے ایل ایل بی کے امتحانات جعلی انرولمنٹ فارم کے ذریعے دیے اور مختلف مراحل پر اپنا نام اور ولدیت تبدیل کی تھی۔

رجسٹرار کے مطابق، طارق جہانگیری نے ایل ایل بی کے پارٹ ون میں "طارق اکرم" اور پارٹ ٹو میں "طارق محمود قاضی" کے نام استعمال کیے، اور ان کا انرولمنٹ نمبر بھی جعلی تھا۔

ٹیگز: