راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ کے نویں میچ میں پشاور زلمی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 228 رنز کا بڑا ٹارگٹ دے دیا۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی میں کھیلے جا رہے اس مقابلے میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا انتخاب کیا۔ میچ کے آغاز میں زلمی کو نقصان اٹھانا پڑا جب ابتدائی اسکور پر ہی بابر اعظم اور صائم ایوب آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد محمد حارث اور ٹام کوہلر کیڈمور کے درمیان 73 رنز کی تیز رفتار شراکت داری نے ٹیم کو سہارا دیا۔ حارث نے صرف 21 گیندوں پر 45 رنز بنائے، جبکہ کیڈمور نے 52 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔
حسین طلعت نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے 37 رنز جوڑے، جب کہ اختتامی اوورز میں عبدالصمد نے 14 گیندوں پر 40 اور مچل اوین نے 15 گیندوں پر 34 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعی اسکور 227 رنز تک پہنچایا۔ پشاور زلمی نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 20 اوورز میں 227 رنز اسکور کیے، جن میں 16 شاندار چھکے شامل تھے۔
ملتان سلطانز کی طرف سے ڈیوڈ ویلی، مائیکل بریسویل اور عبید شاہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ افتخار احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹاس کے بعد بابر اعظم نے کہا کہ ہماری کوشش 200 سے اوپر کا ہدف مقرر کرنے کی ہے، اور آج ہم مختلف اور بہتر کھیل پیش کریں گے۔ محمد رضوان نے کہا کہ ان کی ٹیم بھی پہلے بیٹنگ کی خواہشمند تھی اور اس میچ کے ذریعے ٹیم میں توازن پیدا کرنے کی امید ہے۔
پشاور زلمی نے میچ کے لیے تین تبدیلیاں کیں جبکہ ملتان سلطانز نے دو تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔