راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے 28ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 185 رنز بنائے اور حریف ٹیم کو 186 رنز کا ہدف دیا۔
راولپنڈی میں کھیلے جا رہے اس اہم میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا، جو اُن کے حق میں مؤثر ثابت ہوا۔
ملتان کی جانب سے یاسر خان نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 25 گیندوں پر 45 رنز جوڑے۔ طیب طاہر نے محتاط انداز میں 36 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہد عزیز نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 14 گیندوں پر 29 رنز اسکور کیے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی باؤلنگ لائن اپ میں عثمان طارق سب سے کامیاب باؤلر رہے، جنہوں نے 32 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ محمد وسیم، فہیم اشرف اور خرم شہزاد نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز یہ ہدف حاصل کر کے فتح سمیٹ پاتی ہے یا نہیں۔