کراچی: سندھ حکومت نے 21 رمضان المبارک کو یوم علیؑ کے موقع پر صوبے بھر میں تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، 22 مارچ (21 رمضان المبارک) کو تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
یہ تعطیل یوم علیؑ کے سلسلے میں دی گئی ہے، تاکہ عزاداری کے اجتماعات اور جلوسوں کے انعقاد میں سہولت فراہم کی جا سکے۔ ہر سال ملک بھر میں 21 رمضان المبارک کو حضرت علیؑ کی شہادت کے موقع پر مجالس اور جلوس منعقد کیے جاتے ہیں، جس کے پیش نظر عام تعطیل دی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت ہر سال یوم علیؑ کے موقع پر صوبے میں تعطیل کا اعلان کرتی ہے، تاکہ عقیدت مندوں کو عزاداری کی تقریبات میں بلا رکاوٹ شرکت کرنے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
یہ اقدام سندھ حکومت کی جانب سے مذہبی تقریبات کے احترام اور عوام کی سہولت کو یقینی بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔